دمشق۔شام کے صدر احمد الشرع نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے بشار الاسد کی حوالگی کی سرکاری طور پر درخواست کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، شام کے صدر احمد الشرع نے کہا کہ سابق صدر بشار الاسد کے خلاف شام میں عدالتی کارروائی کو مکمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفاف انصاف اور قانونی کارروائی کے لیے بشار الاسد کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے دفاع میں دلائل پیش کر سکیں۔
شامی صدر احمد الشرع نے، جو بغاوت کے بعد شام کے نئے صدر بنے ہیں، کہا کہ روس میں رکھے گئے بشار الاسد اور ان کے خاندان کے مالی اثاثے بھی واپس کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اثاثے شامی عوام کی امانت ہیں، جنہیں سابق حکومت نے اپنی عیاشیوں کو جاری رکھنے کے لیے لوٹ کر روس میں منتقل کر دیا تھا۔
دوسری جانب ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ روس نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہاں بشار الاسد کے نام پر کوئی رقم جمع نہیں کی گئی۔ رپورٹ میں روسی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ صدر پوٹن بشار الاسد کو شام کے حوالے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
روس کی طرف سے تاحال اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔