بیٹنگ چلی نہ باؤلنگ، پاکستان چوتھے ٹی 20 میں ناکام، سیریز کیویز کے نام

اوول۔ پانچ میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 115 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ حکمت عملی سودمند ثابت نہ ہوئی، اور میزبان ٹیم کے بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کی خوب دھلائی کی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا۔ کیویز کی جانب سے فن ایلن 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ٹم سائفرٹ نے 44، ڈیرل مچل نے 29، اور مارک چیپمن نے 24 رنز کی اننگز کھیلیں۔ جمی نیشم اور مچل ہائے 3،3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ مائیکل بریسویل 46 اور زاکری فاکس 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستانی باؤلرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور عباس آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی اور شاداب خان وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے اور دونوں نے 49،49 رنز دے کر مہنگے ترین باؤلرز ثابت ہوئے۔

221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم محض 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، صرف عبدالصمد 44 اور عرفان خان 24 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں