پیکا ترمیمی ایکٹ 2025

عدالت کا لاہور ڈویژن میں گولیوں سے کتا مار مہم روکنے کا حکم

لاہور۔لاہور ہائی کورٹ نے لاہور ڈویژن میں گولیوں سے کتا مار مہم روکنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب حکومت، ڈی سی لاہور اور ایم سی ایل سے جواب طلب کر لیا

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ایرج حسن اور دیگر درخواست گزاروں کی درخواست پر سماعت کی، جس میں پنجاب حکومت، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا تھا۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ لاہور ڈویژن میں آوارہ کتوں کو غیر قانونی طریقے سے مارا جا رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ حکومت نے آوارہ کتوں کو ویکسینیشن کے ذریعے تلف کرنے کی پالیسی متعارف کرائی تھی، لیکن انتظامیہ اس پر عمل کرنے کے بجائے کتوں کو گولی مار کر ہلاک کر رہی ہے۔

وکیل نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ محض دو ہفتوں میں ایک ہزار سے زائد آوارہ کتوں کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا، جو کہ پالیسی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں اینیمل برتھ کنٹرول پالیسی پر مکمل عمل درآمد کی درخواست بھی شامل کی گئی۔

عدالت نے کتا مار مہم پر حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ سماعت پر وضاحت کے ساتھ پیش ہوں۔ مزید برآں، تاحکم ثانی لاہور ڈویژن میں اس مہم کو روکنے کا حکم دے دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں