پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ، جو حالیہ تنازعات کا شکار ہیں، نے عمرے کی سعادت حاصل کی اور خانہ کعبہ کے صحن میں کھڑے ہو کر اللہ کو گواہ بنا کر اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔
رجب بٹ نے مسجد الحرام کے مطاف میں، احرام کی حالت میں، ایک ویڈیو ریکارڈ کی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔
ویڈیو کے آغاز میں، انہوں نے درود پاک اور کلمہ پڑھنے کے بعد کہا کہ ان کا مال، جان، والدین، اولاد اور خون کا ایک ایک قطرہ نبی پاک ﷺ پر قربان ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے جو تنازعات چل رہے ہیں، وہ اللہ کو گواہ بنا کر کہتے ہیں کہ ان سے جان بوجھ کر کوئی غلطی نہیں ہوئی۔
رجب بٹ نے مزید کہا کہ اگر ان سے لاعلمی میں کوئی غلطی سرزد ہوئی ہے تو وہ اس کے لیے پہلے بھی معذرت کر چکے ہیں اور ایک بار پھر دل سے معافی مانگتے ہیں، ساتھ ہی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کے لیے اپنے دل صاف کر لیں۔
انہوں نے علما کرام، پنجاب حکومت اور پاک فوج سے درخواست کی کہ ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے پر نظرثانی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
اپنے بیان میں، رجب بٹ نے کہا کہ ان پر دفعہ 295 کے تحت جھوٹا مقدمہ بنایا جا رہا ہے، اور ان کے وی لاگ میں سے “جھوٹا” کا لفظ کاٹ کر فتویٰ جاری کر دیا گیا۔
ویڈیو کے اختتام پر، انہوں نے ایک بار پھر اللہ، اس کے رسول ﷺ اور تمام مسلمانوں سے معافی مانگتے ہوئے اپنی غلطیوں کو درگزر کرنے کی التجا کی۔