متحدہ عرب امارات کا جدید 100 درہم کا کرنسی نوٹ جاری

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (سی بی یو اے ای) نے جدید سیکیورٹی فیچرز سے لیس 100 درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کر دیا۔

امارات نیوز ایجنسی کے مطابق، یہ نیا کرنسی نوٹ پالیمر سے تیار کیا گیا ہے، جس میں جدید ترین ڈیزائن اور سیکیورٹی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مالیاتی نظام کو مزید مستحکم اور پائیدار بنانا ہے، جبکہ یہ قومی کرنسی کے تیسرے اجرا کا بھی حصہ ہے۔

نئے 100 درہم کے نوٹ کو سرخ رنگ کے مختلف شیڈز میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ عوام اسے باآسانی موجودہ نوٹ سے شناخت کر سکیں۔

اس پر متحدہ عرب امارات کا نیشنل برانڈ اور جدید پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تخلیق کردہ تحریریں اور خاکے شامل کیے گئے ہیں۔

سامنے کی جانب تاریخی اُم القیوین قلعہ کی تصویر موجود ہے، جو ملک کے ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔

پچھلے رخ پر فجیرہ پورٹ اور اتحاد ریل کی تصاویر نمایاں ہیں، جو امارات کے جدید انفرا اسٹرکچر اور اقتصادی ترقی کی عکاسی کرتی ہیں۔

جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے اس نوٹ میں ’سپارک فلو ڈائریکشن‘ اور ’کائن گرام کلر‘ جیسی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔

مزید برآں، بصارت سے محروم افراد کی سہولت کے لیے اس پر بریل علامات بھی شامل کی گئی ہیں، تاکہ وہ باآسانی نوٹ کی مالیت شناخت کر سکیں۔

یہ پالیمر نوٹ روایتی کاغذی کرنسی کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہے اور دو گنا زیادہ عرصے تک گردش میں رہ سکتا ہے، جس سے نہ صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ یہ ماحول دوست بھی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے مطابق، نیا نوٹ 24 مارچ 2025 سے گردش میں آ چکا ہے اور یہ موجودہ 100 درہم کے کرنسی نوٹ کے ساتھ قانونی حیثیت رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں