پاکستانی شوبز کی معروف اور دلکش اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
چند ماہ قبل ہانیہ عامر کی دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں اچانک شرکت کے بعد یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ اداکارہ جلد ہی گلوکار کے ساتھ کسی بین الاقوامی پراجیکٹ میں کام کرنے والی ہیں، جس کی ہانیہ عامر نے خود تصدیق کی تھی۔
یہ پراجیکٹ دلجیت دوسانجھ کی فلم ‘سردار جی 3’ ہے، جس میں ہانیہ عامر بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔ دلجیت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلم ‘سردار جی 3’ رواں سال 27 جون کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم میں ہانیہ عامر، دلجیت دوسانجھ اور اداکارہ نیرو باجوہ اہم کردار ادا کریں گے۔ ہانیہ اور دلجیت کے مداح اس فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں اور ان دونوں کی اسکرین پر کیمسٹری دیکھنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔