حال ہی میں ایک نیا بونا سفید ستارہ دریافت ہوا ہے جو تقریباً چاند کے سائز کے برابر ہے اور اسے ستاروں کے چھوٹے سائز کی سب سے اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
سفید بونا ستارہ دراصل وہ باقیات ہوتی ہیں جو بڑے ستارے اپنی عمر کے آخر میں چھوٹے ہو کر چھوڑ دیتے ہیں۔ اس دوران بڑے ستارے اپنے سائز کو نمایاں طور پر کم کر دیتے ہیں۔ حالیہ دریافت ہونے والے بونے ستارے کا رداس صرف 2,100 کلومیٹر (1,305 میل) ہے، جو چاند کے 1,700 کلومیٹر کے قریب ہے۔
عام طور پر سفید بونے ستارے زمین کے سائز کے قریب ہوتے ہیں، جن کا رداس تقریباً 6,300 کلومیٹر (3,900 میل) ہوتا ہے، مگر یہ نیا بونا ستارہ سائز میں چھوٹا ہونے کے باوجود اپنے سورج کی کمیت (وزن) سے 1.3 گنا زیادہ ہے، جس سے یہ سفید بونے ستاروں میں سے ایک انتہائی وزنی مثال بنتا ہے۔
یہ حقیقت یقیناً حیران کن ہے کہ سب سے چھوٹا سفید بونا ستارہ ہمارے سورج سے زیادہ وزنی کیسے ہو سکتا ہے۔ دراصل، سفید بونے ستارے جوں جوں چھوٹے ہوتے ہیں، ان کا وزن اتنا ہی زیادہ بڑھتا جاتا ہے، جو کہ ان کے غیر معمولی فطری خواص میں سے ایک ہے۔