اسلام آباد ۔ملک بھر میں جمعۃ الوداع اور یوم القدس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ مختلف شہروں میں ریلیاں نکال کر ان سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
پاکستان کے بڑے شہروں بشمول اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں جمعۃ الوداع کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ مساجد میں ملکی استحکام، ترقی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اسلام آباد میں مختلف مساجد میں جمعۃ الوداع کی نماز ادا کی گئی، جہاں سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سخت حفاظتی اقدامات بھی کیے گئے۔ فیصل مسجد سمیت دیگر مساجد اور امام بارگاہوں کے لیے جامع سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی جمعۃ الوداع کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ کراچی میں 27 رمضان المبارک کو بعد نماز جمعہ نمائش تا تبت سینٹر یوم القدس ریلی نکالی گئی۔
مجلس وحدت المسلمین سمیت مختلف مذہبی تنظیموں کی جانب سے یوم القدس کی مناسبت سے ریلیاں منعقد کی گئیں، جبکہ نمائش چورنگی پر استقبالیہ کیمپ بھی لگایا گیا۔
کراچی میں یوم القدس ریلی کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا۔ لاہور میں بھی یوم القدس کے موقع پر اسلام پورہ میں ریلی نکالی گئی، جہاں شرکاء نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے بلند کیے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جمعۃ الوداع، یوم القدس اور عیدالفطر کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔ مراسلے میں کہا گیا کہ عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں، سخت نگرانی رکھی جائے، اور اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں۔ شہریوں کے داخلے کے لیے ایک مرکزی دروازہ مخصوص کیا جائے۔