لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں 13 نئے سہولت بازاروں کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد عوام کو کم قیمت پر بنیادی ضروریات کی اشیاء فراہم کرنا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے اگست کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
نوشہرہ ورکاں، بورے والا، کبیروالا، سانگلہ، اور جلال پور ان مقامات میں شامل ہیں جہاں سہولت بازاروں کے نئے پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ بہاولپور، اٹک اور مری میں بھی اضافی سہولت بازاروں کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ ان بازاروں کے لیے مناسب اراضی جلد از جلد مختص کی جائے تاکہ منصوبے وقت پر مکمل ہو سکیں۔ مزید برآں، ان تمام سہولت بازاروں کو مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، جس سے بجلی کے اخراجات میں 70 فیصد تک کمی آئے گی، اور اس کا براہِ راست فائدہ عوام کو سستی قیمتوں کی صورت میں ملے گا۔
سولر انرجی منصوبے کے لیے 69 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز منظور کر دیے گئے ہیں۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ یہ اقدامات سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد مہنگائی کا خاتمہ اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔