لاس اینجلس۔معروف امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز نے اپنے بوائے فرینڈ پال رچرڈ سولز سے ایک بار پھر تعلق ختم کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ علیحدگی فروری 2025 میں ویلنٹائن ڈے کے فوراً بعد ہوئی۔
پال رچرڈ، جو برٹنی کے گھر میں بطور ہاؤس کیپر اور مینٹیننس ورکر کام کرتے تھے، سے ان کی پہلی ملاقات 2023 میں ہوئی تھی۔ وقت کے ساتھ یہ تعلق دوستی سے گہرے رشتے میں تبدیل ہو گیا، یہاں تک کہ پال، برٹنی کے لاس اینجلس والے گھر میں ہی رہائش پذیر ہو گئے تھے۔
جولائی 2024 میں دونوں کے درمیان ایک بار بریک اپ ہو چکا تھا، تاہم نئے سال کے آغاز پر انہوں نے صلح کر لی تھی۔ لیکن اب ایک بار پھر ان کا رشتہ ختم ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق، برٹنی کے قریبی افراد اس علیحدگی کو بہتر فیصلہ قرار دے رہے ہیں کیونکہ ان کے بقول، اس رشتے میں پیچیدگیاں بڑھتی جا رہی تھیں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ برٹنی کو اکثر پال کے بچوں کے ساتھ وقت گزارتے اور انڈور گیمز کھیلتے دیکھا گیا، جو اس بات کا اشارہ تھا کہ وہ کافی قریب آ چکے تھے۔ تاہم، ان کے اس تعلق کو برٹنی کے آس پاس موجود کئی افراد نے شروع سے ہی حیرت انگیز اور غیر متوقع قرار دیا تھا۔
برٹنی کا یہ تعلق اس وقت مزید توجہ کا مرکز بن گیا جب ان کی ہالی ووڈ اداکار سیم اصغری سے طلاق کی خبریں سامنے آئیں، جس کے بعد پال رچرڈ کے ساتھ ان کا رشتہ خبروں کی زینت بنا۔