آئی پی ایل: گلین میکسویل پرجرمانہ اور ڈی میرٹ پوائنٹ عائد

انڈین پریمیئر لیگ میں پنجاب کنگز کے نمائندے گلین میکسویل پر آئی پی ایل کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے اور ان کے کھاتے میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔

آئی پی ایل کے ایک بیان کے مطابق، گلین میکسویل نے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا، جو میدان میں موجود اشیاء کو میچ کے دوران نقصان پہنچانے سے متعلق ہے۔ میچ ریفری کی طرف سے عائد کردہ جرمانے کو بھی انہوں نے قبول کر لیا ہے۔

چنئی سپر کنگز کے خلاف کھیلتے ہوئے پنجاب کنگز نے پریانش آریا کی شاندار سینچری اور ششانک سنگھ اور مارکو جینسن کے اہم انفرادی اسکورز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز کا بڑا مجموعہ بنایا اور بالآخر 18 رنز سے فتح حاصل کی۔

چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے گلین میکسویل اپنی پہلی ہی گیند پر رویچندرن اشون کا شکار ہو گئے۔ رواں آئی پی ایل سیزن میں میکسویل نے پنجاب کنگز کی طرف سے 4 میں سے 3 میچز کھیلے ہیں، تاہم ان کی بلے بازی میں کوئی نمایاں کارکردگی نہیں دیکھی گئی ہے۔ تاہم، انہوں نے بولنگ میں تین اہم وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں