ضلع خیبر میں سیکیورٹی

سکیورٹی فورسز کا تیمرگرہ میں آپریشن، ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت 2 خوارج ہلاک

اسلام آباد ۔سکیورٹی فورسز نے ضلع لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے ایک کامیاب آپریشن میں اہم دہشتگرد حفیظ اللہ عرف کوچوان سمیت دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی 10 اور 11 اپریل کی درمیانی شب عمل میں آئی، جہاں انٹیلیجنس رپورٹ پر تیمرگرہ میں آپریشن کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو دہشتگرد مارے گئے، جن میں ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد حفیظ اللہ عرف کوچوان بھی شامل تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے اطلاع ملنے پر فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لیا اور دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر حکمت عملی سے نشانہ بنایا۔ حفیظ اللہ عرف کوچوان کئی دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، جن میں سیکیورٹی اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا، اور اس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی۔

مزید خوارج کی موجودگی کے پیش نظر علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ پاک فوج ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں