ویرات کوہلی نے آئی پی ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جاری سیزن میں رائل چیلنجرز بینگلورو کے سابق قائد و مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔

بینگلور میں کھیلے گئے ایونٹ کے 24ویں مقابلے میں دہلی کیپیٹلز کے خلاف کھیلتے ہوئے کوہلی نے آئی پی ایل میں 1001 باؤنڈریاں مکمل کر لیں، جس کے ساتھ ہی وہ لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چوکے اور چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ اعزاز بھارت کے ہی سابق اوپنر شیکھر دھون کے پاس تھا، جنہوں نے اپنے آئی پی ایل کیریئر میں 920 باؤنڈریز اسکور کی تھیں۔ آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر 899 باؤنڈریز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ممبئی انڈینز کے سابق قائد روہت شرما 885 باؤنڈریز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر جبکہ ویسٹ انڈیز کے مشہور پاور ہٹر کرس گیل 761 باؤنڈریز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

ویرات کوہلی کا یہ کارنامہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ وہ نہ صرف مستقل مزاجی سے کھیلنے والے کھلاڑی ہیں بلکہ لیگ کے سب سے شاندار بلے بازوں میں بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں