‘دھمال 4’ کا پہلا مرحلہ مکمل، اجے دیوگن نے مداحوں کو خوشخبری سنا دی

معروف کامیڈی فلم سیریز دھمال کی چوتھی قسط کی عکس بندی کا پہلا مرحلہ پایۂ تکمیل تک پہنچ گیا ہے۔

بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے انسٹاگرام پر ساتھی فنکاروں اور فلم کی ٹیم کے ہمراہ چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس پیشرفت کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دھمال 4 کے ایک شیڈول کی شوٹنگ مالشیج گھاٹ میں مکمل ہو چکی ہے، اور اب فلم کی عکس بندی ممبئی میں جاری ہے۔

پہلی تصویر میں اجے دیوگن کے ہمراہ ہدایتکار اندرا کمار، اداکار رتیش دیشمکھ، ارشد وارثی، جاوید جعفری، سنجے مشرا، سنجیدہ شیخ اور انجلی آنند بھی موجود ہیں۔ دوسری تصویر میں اجے دیوگن نے اندرا کمار، پروڈیوسر بھوشن کمار، کمار منگت پاٹھک اور دیگر ٹیم ممبرز کے ساتھ تصویر کھنچوائی۔

تصاویر کے ساتھ اجے دیوگن نے کیپشن میں لکھا:
“پاگل پن لوٹ آیا ہے! #Dhamaal4 زور و شور سے جاری، مالشیج گھاٹ شیڈول مکمل ہوا، اب ممبئی میں قہقہوں کی بارش ہوگی!”

مداحوں نے ان تصاویر پر پرجوش تبصرے کیے، جبکہ کچھ شائقین نے آشیش چوہدری اور بومن ایرانی کی غیر موجودگی پر مایوسی کا اظہار بھی کیا۔

یاد رہے کہ اس بار فلم میں بالی ووڈ کی مقبول اداکارہ مادھوری ڈکشٹ بھی اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ البتہ فلم کی ریلیز کی حتمی تاریخ فی الحال منظرعام پر نہیں آئی۔

دوسری جانب اجے دیوگن اپنی آنے والی فلم ریڈ 2 کی تشہیری مہم میں بھی مصروف ہیں، جو یکم مئی 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں