اسلام آباد۔یوکرینی حکام کے مطابق، روس نے شمالی شہر سومی کے مرکزی علاقے پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 32 شہری جان کی بازی ہار گئے، جب کہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، یہ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب دو روسی بیلسٹک میزائلوں نے سومی کے شہری مرکز کو نشانہ بنایا۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس شدید حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے رواں سال کا سب سے ہولناک واقعہ قرار دیا اور عالمی برادری سے روس کے خلاف فوری اور سخت ردعمل کا مطالبہ کیا۔
صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا: “یہ صرف درندہ صفت لوگ ہی کر سکتے ہیں، جو عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔” اُن کے پیغام کے ساتھ شیئر کی گئی ویڈیو میں تباہی کے مناظر، سڑک پر پڑی لاشیں، جلی ہوئی گاڑیاں اور ایک برباد بس دیکھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ ایک مقدس دن یعنی پام سنڈے کے موقع پر کیا گیا، جب شہری چرچ جا رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ حملے کے وقت لوگ روزمرہ معمولات میں مصروف تھے — کچھ سڑکوں پر، کچھ گاڑیوں یا پبلک ٹرانسپورٹ میں، جبکہ کچھ عمارتوں کے اندر موجود تھے۔
زیلنسکی کے چیف آف اسٹاف کے مطابق، حملے میں استعمال ہونے والے میزائلوں میں کلسٹر بارود شامل تھا، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہری جانی نقصان پہنچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روس جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔