اسلام آباد ۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ، رانا تنویر حسین نے قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی ایک تحریری رپورٹ میں بتایا کہ آئی ایم ایف سے طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد کی وجہ سے مرکز اب گندم نہیں خریدے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال 2025 میں ہونے والی گندم کی پیداوار آئندہ مالی سال 2025-26 کے دوران ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہو گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مقامی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے گندم کی درآمد یا برآمد سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے گندم سے متعلق پالیسی مرتب کرنے کے لیے ایک کابینہ کمیٹی قائم کر دی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں ضروری اشیاء کی فراہمی سے متعلق ایک کابینہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جس کے اب تک نائب وزیراعظم کی صدارت میں دو اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔