بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اپنے شوہر، اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ محبت اور وفاداری کے رشتے میں بندھی ہوئی ہیں، اور وہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف کوئی بھی منفی بات برداشت کرنے کو تیار نہیں۔
معروف اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا کی بیٹی سوناکشی نے ظہیر اقبال سے بین المذاہب شادی کی، جو شدت پسند ہندو حلقوں کے لیے ناقابلِ قبول بن گئی۔ شادی کو خاصا وقت گزر چکا ہے، لیکن کچھ انتہاپسند افراد اب بھی سوشل میڈیا پر اپنے تعصب کا اظہار جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حال ہی میں سوناکشی نے اپنے انسٹاگرام پر ظہیر اقبال کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس پر ایک صارف، سنی کمار نامی شخص نے نامناسب تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: “امید نہیں تھی کہ تم اس پاگل شخص سے شادی کرو گی۔”
سوناکشی نے اس بدتمیزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بھرپور انداز میں جواب دیا:
“ابے تو ہے کون؟ جو تیری امید کے مطابق اپنی زندگی گزاروں؟ بے روزگار، چل بھاگ یہاں سے۔”
یہ پہلا موقع نہیں جب سوناکشی نے اپنے شوہر پر کی جانے والی تنقید پر سخت مؤقف اختیار کیا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ کئی بار واضح کر چکی ہیں کہ لوگ دوسروں کی ذاتی زندگی میں مداخلت سے باز رہیں اور اپنی توجہ اپنے کام پر مرکوز رکھیں۔
سوناکشی کا یہ ردعمل ان تمام لوگوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ نفرت پھیلانے والوں کو اب منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔