اسلام آباد: لیبیا میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں ایک اور افسوسناک کشتی حادثہ پیش آیا ہے جس میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک گیارہ لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں چار پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
لیبیا میں موجود پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق یہ سانحہ 12 اپریل کو لیبیا کے مشرقی علاقے سیریت شہر کے قریب ہراوا کے ساحل پر پیش آیا۔ کشتی میں سوار افراد یورپ جانے کی کوشش میں غیر محفوظ سمندری راستہ اختیار کر رہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی سفارتی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مقامی حکام سے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد گیارہ نعشوں کی جانچ کی، جن میں سے چار کی قومی شناختی دستاویزات کی مدد سے پاکستانی شہریوں کے طور پر تصدیق ہوئی۔
جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں تین کا تعلق منڈی بہاؤالدین اور ایک کا گوجرانوالہ سے ہے۔ ان کی شناخت درج ذیل ناموں سے ہوئی ہے:
زاہد محمود ولد لیاقت علی (گوجرانوالہ)
سمیر علی ولد راجہ عبدالقدیر
سید علی حسین ولد شفقت الحسین
آصف علی ولد نذر محمد (تینوں کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے)
اس کے علاوہ دو لاشوں کی ابھی تک شناخت ممکن نہیں ہو سکی، جب کہ باقی پانچ افراد کا تعلق مصر سے بتایا گیا ہے۔
پاکستانی سفارتخانہ اس افسوسناک واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اکٹھی کرنے اور متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہے، جبکہ مقامی حکام سے بھی قریبی تعاون جاری ہے۔