اسلام آباد ۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کے بنیادی نرخوں میں نمایاں کمی کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ملک میں ای وی ٹیکنالوجی اور گرین انرجی کو فروغ دینا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اب الیکٹرک وہیکلز چارجنگ اسٹیشنز کو بجلی 45.55 روپے فی یونٹ کے بجائے 23.57 روپے فی یونٹ کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ اس فیصلے سے صارفین کو فی یونٹ 21.98 روپے کی بڑی بچت حاصل ہوگی۔
یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی درخواست پر کیا گیا، جس کا مقصد ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر کی لاگت کو کم کرنا اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔
اس کے علاوہ، نیپرا نے چارجنگ اسٹیشنز پر لاگو 24.44 روپے فی یونٹ کے کیپڈ مارجن کو بھی ختم کرنے کی منظوری دی ہے۔ اب اس کا تعین مارکیٹ کے مطابق ہوگا، جو اس شعبے میں مسابقت کو مزید بڑھائے گا۔
نیپرا کے مطابق، یہ اقدامات حکومت کی پالیسی کا حصہ ہیں، جس کے تحت ماحول دوست ٹرانسپورٹ اور توانائی کے متبادل ذرائع کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے ایک چینی کمپنی پاکستان میں 3,000 ای وی چارجنگ اسٹیشنز لگانے کا اعلان بھی کر چکی ہے، جو اس شعبے کی ترقی کے لیے ایک اور مثبت قدم ہے۔