نئی دہلی ۔فلم جاٹ میں سنی دیول کے ساتھ نمایاں کردار ادا کرنے والے معروف بھارتی اداکار رندیپ ہوڈا نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی، خاص طور پر شادی کے فیصلے پر کھل کر گفتگو کی۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے رندیپ ہوڈا نے اپنے خاندان میں نسلی اور برادری کے اندر شادی کے رواج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی میں تاخیر کی بڑی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے جس لڑکی کو شریکِ حیات کے طور پر چُنا، اس کا تعلق جاٹ برادری سے نہیں تھا۔
مسکراتے ہوئے رندیپ نے اعتراف کیا، “سچ پوچھیں تو مجھے تو شروع سے ہی شادی کا کوئی شوق نہیں تھا، لیکن جب نصیب میں لکھا تھا، تو ہو ہی گئی۔”
اداکار نے اپنے بچپن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “اسکول کے دنوں میں میں خاصا پریشان رہا کرتا تھا، اور دل سے کبھی نہیں چاہا کہ میرے بچے بھی اسی نظام تعلیم سے گزریں، اسی لیے کبھی اولاد کے بارے میں بھی نہیں سوچا۔”
تاہم زندگی نے ایک نیا موڑ لیا جب ان کی ملاقات لنلائے شرم سے ہوئی، جس کے بعد شادی نہ کرنے کا فیصلہ تبدیل ہوگیا۔ لیکن، انہوں نے بتایا کہ اس وقت والدین کی مخالفت آڑے آگئی، کیونکہ ان کے خاندان میں برادری سے باہر شادی کرنے کی روایت نہیں تھی۔
رندیپ ہوڈا نے کہا کہ والدین کو راضی کرنے میں کئی سال لگے، اور بالآخر کورونا وبا کے دوران انہیں شادی کا موقع ملا، جسے انہوں نے خوش قسمتی سمجھا۔
“اب الحمدللہ سب ایک دوسرے کو سمجھ چکے ہیں، اور میری بیوی نہ صرف میری زندگی کا حصہ ہیں بلکہ اب میرے خاندان کا بھی اہم رکن بن چکی ہیں۔”
یاد رہے کہ رندیپ ہوڈا کی اہلیہ لنلائے شرم شمال مشرقی بھارت کی ریاست منی پور سے تعلق رکھتی ہیں، وہ میتائی قبیلے کی رکن ہیں اور اپنے علاقے کی معروف اداکارہ و ماڈل بھی ہیں۔