اسلام آباد ۔علی سسٹرز سمیت پانچ پاکستانی کھلاڑیوں نے آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے مختلف مقابلوں کے فائنلز میں جگہ بنالی۔
موصولہ خبروں کے مطابق، میلبرن میں جاری آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
پشاور سے تعلق رکھنے والی اور “علی سسٹرز” کے نام سے معروف تین بہنوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مخالفین کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ کر ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا۔
تینوں بہنوں نے بغیر کوئی گیم ہارے، 0-3 کے یکساں اسکور سے کامیابیاں حاصل کیں۔
گرلز انڈر 19 کے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ ماہ نور علی نے آسٹریلیا کی الزبتھ وانگ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
گرلز انڈر 17 کے سیمی فائنل میں پہلی سیڈ مہوش علی نے آسٹریلیا ہی کی ٹینا ما کو آسانی سے ہرایا۔
گرلز انڈر 15 کے سیمی فائنل میں دوسری سیڈ سحرش علی نے نیوزی لینڈ کی اولیوا وان زون کو مات دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ اسکواش کی تاریخ میں یہ تیسری مرتبہ ہے کہ تین حقیقی بہنوں نے ایک ساتھ بین الاقوامی پلاٹینیم کیٹیگری چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہو۔
دوسری طرف، پاکستان کے احمد علی ناز نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے حریف کو شکست دے کر بوائز انڈر 11 کے فائنل میں رسائی حاصل کی، جبکہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ازان علی خان نے ایڈن فنالے مولیگن کو 0-3 سے ہرا کر بوائز انڈر 17 کے فائنل میں جگہ بنالی۔
تاہم ان کے چھوٹے بھائی، فیضان خان، ٹرین میں خرابی کے باعث بروقت کورٹ نہ پہنچ سکے اور یوں بوائز انڈر 13 کے سیمی فائنل میں شرکت نہ کرسکے۔