لندن۔یورپی یونین میں خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے غزہ پر اسرائیلی حملوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، ایک حالیہ انٹرویو میں کایا کالاس نے کہا کہ حقِ دفاع کے نام پر اسرائیل نے غزہ میں جو کچھ کیا، وہ تمام اخلاقی، انسانی اور قانونی حدود کو پار کر چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگرچہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن حالیہ حملوں نے واضح کر دیا کہ اس کے ارادے کس قدر جارحانہ ہیں اور وہ بین الاقوامی قوانین کو کس حد تک نظرانداز کرتا ہے۔
یورپی یونین کی اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ غزہ میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے، اور جو مناظر سامنے آ رہے ہیں، وہ دل دہلا دینے والے ہیں۔
کایا کالاس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دو ریاستی حل ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے اس تنازع کا دیرپا اور منصفانہ حل نکالا جا سکتا ہے۔