وجے ورما سے بریک اپ کے بعد تمنا بھاٹیہ پہلی بار کس فلم میں جلوہ گر نظر آئیں گی

نئی دہلی ۔بالی ووڈ کی مشہور کامیڈی فلم “نو انٹری” کے سیکوئل کے لیے آخرکار ہدایتکار نے ایک مرکزی اداکارہ کا انتخاب کر لیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلم “نو انٹری 2” کا اعلان 4 اپریل 2024 کو کیا گیا تھا، جس میں اداکار ارجن کپور، ورون دھون اور دلجیت دوسانج کو مرکزی کرداروں کے لیے فائنل کیا گیا تھا۔

پہلی فلم میں بپاشا باسو نے نمایاں خاتون کردار ادا کیا تھا، اور سیکوئل میں اسی طرز کے کردار کے لیے کئی نام زیر غور رہے، جن میں ادیتی راؤ حیدری بھی شامل تھیں۔ تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق تمنا بھاٹیہ اس کردار کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

ایک مقامی میڈیا ہاؤس نے دعویٰ کیا ہے کہ تمنا بھاٹیہ کو فلم میں وہی کردار دیا جا رہا ہے جیسا کہ پہلی فلم میں بپاشا باسو نے نبھایا تھا۔ تاہم اب تک نہ تو تمنا بھاٹیہ اور نہ ہی فلم کے پروڈیوسر بونی کپور کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے آیا ہے۔

اگر تمنا کی شمولیت کی تصدیق ہو جاتی ہے تو فلم کی شوٹنگ کا آغاز جلد متوقع ہے۔ بونی کپور کے مطابق فلم کو 26 اکتوبر 2025 کو ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔

واضح رہے کہ 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم “نو انٹری” میں انیل کپور، سلمان خان اور فردین خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جب کہ خواتین اداکاراؤں میں سلینا جیٹلی، لارا دتہ، ایشا دیول اور بپاشا باسو شامل تھیں۔

ادھر تمنا بھاٹیہ ان دنوں اجے دیوگن کے ساتھ اپنی نئی فلم ’’رینجر‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بریک اپ کے بعد تمنا کی پہلی ریلیز ہونے والی فلم “نو انٹری 2” بنتی ہے یا “رینجر”۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں