پشاور۔خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صحت کارڈ میں گردوں، جگر اور بون میرو کی پیوند کاری کے علاج کو شامل کیا جائے گا۔
مشیر اطلاعات، بیریسٹر سیف کے مطابق، حکومت ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کرے گی۔
بیریسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے بانی چیئرمین کے نظریے کی روشنی میں ایک اور نمایاں قدم اُٹھایا ہے، جس کے تحت شہریوں کو پیوند کاری اور امپلانٹ کی مفت سہولت دستیاب ہوگی۔
وزیراعلیٰ کی زیرِ قیادت منعقدہ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ کی سہولیات کو صحت کارڈ کے دائرے میں لایا جائے گا۔ گردے، جگر اور بون میرو کی پیوند کاری کا تمام خرچ حکومت ادا کرے گی، جبکہ کوکلئیر امپلانٹ کی مالی ذمہ داری بھی حکومت اُٹھائے گی۔
نشے کے عادی افراد کی بحالی کو بھی جلد ہی صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ضروری ہدایات دے دی ہیں۔ مزید یہ کہ علاج، تحقیق اور صنعتی استعمال کے لیے کینابیس پلانٹ کے ضوابط کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔