پنجاب حکومت کا فلم کی تیاری کے لیے مالی امداد فراہم کرنےکا اعلان

اسلام آباد ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فلمی شعبے کو دوبارہ زندہ کرنے اور اس کی ترقی کے لیے ایک اہم اور تاریخ ساز قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے صوبے میں فلم سٹی، فلم اسٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب اور پاکستان کے پہلے فلم اسکول کے قیام سمیت کئی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔

اس سلسلے میں سینئر وزیر پنجاب، مریم اورنگزیب کی سربراہی میں آٹھ رکنی “پنجاب فلم فنڈ ڈسبرسمنٹ کمیٹی” تشکیل دی گئی ہے، جس کا پہلا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، کمیٹی فلم پروجیکٹس کے لیے مالی معاونت، فلم سازوں کی درخواستوں کا جائزہ لینے، اور باکس آفس سے متعلق مراعات کے معاملات پر فیصلے کرے گی۔ ساتھ ہی کمیٹی کو ضرورت کے مطابق ذیلی کمیٹیاں بنانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے فلمی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے پہلے فلم اسکول کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے۔ یہ ادارے، نواز شریف آئی ٹی سٹی میں مخصوص زمین پر قائم کیے جائیں گے، جہاں فلم سٹی، اسٹوڈیو اور پوسٹ پروڈکشن لیب بھی بنائی جائے گی۔

پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کے لیے فلم سازوں کو مالی امداد (گرانٹس) دی جائیں گی۔ کمیٹی میں وزیر اطلاعات، وزیر خزانہ، وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سمیت دیگر اہم عہدے دار بھی شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران ان منصوبوں کے ابتدائی خاکوں اور عملی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت پنجاب فلمی صنعت کی ترقی کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

فلمی دنیا سے وابستہ ماہرین اور حلقوں نے ان حکومتی فیصلوں کو ایک “انقلابی پیش رفت” قرار دیا ہے، اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات پاکستانی فلم انڈسٹری کو نئی جان بخشیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں