فواد خان کی شخصیت سے متاثر، وانی کپور کا بے ساختہ اعتراف

بالی وڈ کی آنے والی رومانوی فلم ‘ابیر گلال’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ وانی کپور نے پاکستانی اسٹار فواد خان کی شاندار شخصیت اور فنکارانہ صلاحیتوں کی دل کھول کر تعریف کی ہے۔

فلم کی تشہیری مہم کے دوران ریڈ ایف ایم انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وانی کپور نے فواد خان کو نہ صرف “دلکش” اور “خوبصورت” قرار دیا بلکہ انہیں ایسا فنکار بتایا جو گویا فلمی دنیا کے لیے ہی تخلیق ہوا ہو۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے حال ہی میں فواد خان کے ساتھ فلم کی شوٹنگ مکمل کی ہے، اور یہ تجربہ ان کے لیے نہایت متاثر کن رہا۔ ان کے بقول، فواد نہایت پیشہ ور، بااخلاق اور نرم مزاج شخصیت کے حامل ہیں۔

وانی کپور نے فواد کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیتے ہوئے کہا، “ان کے ساتھ کام کرنا ایک یادگار اور سیکھنے والا تجربہ تھا۔ وہ نہ صرف معاون تھے بلکہ ہر سین میں خلوص سے بھرپور تعاون کرتے رہے۔”

فلم ابیر گلال کا تازہ ریلیز ہونے والا گانا “انگریجی رنگ رسیا” ریلیز ہوتے ہی ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، اور محض چند گھنٹوں میں اسے 28 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ اس سے قبل ریلیز ہونے والا گانا “خدایا عشق” بھی خاصا مقبول ہوا تھا۔

یاد رہے کہ فلم کا مختصر ٹیزر اپریل کے اوائل میں جاری کیا گیا تھا، اور فلم کی ریلیز 9 مئی کو طے ہے۔

فواد خان کی اس فلم میں شمولیت پر اگرچہ کچھ انتہاپسند عناصر کی جانب سے مخالفت اور دھمکیاں سامنے آئیں، مگر فلم کے ہدایتکار اور پروڈیوسرز نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے واضح کیا کہ فلم کو مقررہ وقت پر ریلیز کیا جائے گا۔

دوسری جانب، بالی وڈ کے کئی نامور فنکار بشمول سنی دیول، سشمیتا سین اور امیشا پٹیل نے فواد خان کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ہند-پاک تعلقات میں ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں