ویٹیکن نے تابوت میں موجود پوپ فرانسس کی تصاویر جاری کردیں

ویٹیکن نے گزشتہ روز 88 سال کی عمر میں وفات پانے والے رومن کیتھولک چرچ کے 266ویں رہنما، پوپ فرانسس کی تازہ ترین تصاویر جاری کی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق ویٹیکن نے کھلے تابوت میں پوپ فرانسس کی نئی تصاویر پیش کی ہیں، جن میں وہ سرخ لباس میں ملبوس نظر آ رہے ہیں، جبکہ ان کے سر پر پوپ میٹر اور ہاتھ میں مخصوص مالا ہے۔

یہ تصاویر ویٹیکن میں ان کی رہائش گاہ “کاسا سانتا مارٹا” میں لی گئی ہیں۔

یہ تصاویر اس وقت جاری کی گئیں جب پاپ کارڈینلز نے آج صبح ان کی آخری رسومات سے متعلق اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران یہ طے کیا گیا کہ ان کی تدفین میں عالمی رہنماؤں اور لاکھوں پیروکاروں کی شرکت متوقع ہے۔

ویٹیکن نے اس بات کی تصدیق کی کہ پوپ فرانسس کی آخری رسومات کا آغاز ہفتہ کی صبح سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہوگا، اور یہ 9 دنوں پر محیط سوگ کا پہلا دن ہوگا۔

اب تک ارجنٹائن کے صدر، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ، فرانسیسی صدر میکرون، اور یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔

ویٹیکن نے گزشتہ روز پوپ فرانسس کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ پیر کی صبح فالج اور اس کے نتیجے میں دل کے بند ہونے کی وجہ سے 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ پوپ فرانسس گزشتہ چند ماہ سے پھیپھڑوں کی بیماری اور نمونیا میں مبتلا تھے، پھر بھی انہوں نے 20 اپریل 2025 کو ایسٹر اتوار پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں “اربے ایٹ اوربی” دعا کی تھی۔

ویٹیکن کے مطابق، پوپ فرانسس کی آخری رسومات Basilica of Santa Maria Maggiore میں ہوں گی، جہاں انہوں نے خود وصیت کی تھی۔

ویٹیکن نے اپنے بیان میں پوپ فرانسس کی زندگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تمام زندگی خدا اور چرچ کی خدمت میں گزار دی۔ پوپ فرانسس، جن کا اصلی نام خورخے ماریو برگولیو تھا، ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں پیدا ہوئے اور 2013 میں پوپ منتخب ہوئے۔

وہ نہ صرف پہلے لاطینی امریکی، بلکہ پہلے یسوعی پوپ بھی تھے، اور اپنے دور میں چرچ اور پوپائیت میں کئی اہم اصلاحات کیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے سماجی انصاف اور ماحولیات کی حفاظت کے لیے بھی عملی اقدامات کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں