جان سینا نے 17 ویں بار عالمی چیمپئن بن کر تاریخ رقم کر دی

دنیا بھر میں مشہور ریسلر جان سینا نے ایک مرتبہ پھر ریسلنگ کی دنیا میں نیا باب رقم کر دیا ہے، جب انہوں نے ریسل مینیا 41 نائٹ ٹو میں کوڈی روڈس کو شکست دے کر اپنی 17 ویں عالمی چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ جیت کر ریک فلیئر کا دیرینہ ریکارڈ توڑ دیا۔ اگرچہ ریک فلیئر نے مجموعی طور پر 21 بار مختلف تنظیموں میں عالمی اعزاز جیتا، لیکن ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے صرف 16 ٹائٹلز کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ فلیئر نے اپنا آخری ٹائٹل 2000 میں ڈبلیو سی ڈبلیو میں جیتا تھا، اور ان کے ریکارڈ کو پچھاڑنے میں پچیس برس لگ گئے۔

اس تاریخی کامیابی سے قبل جان سینا کا ایک اور چونکا دینے والا روپ سامنے آیا۔ ایلیمینیشن چیمبر ایونٹ میں، سینا نے سی ایم پنک کو اپنے مخصوص انداز میں شکست دے کر نہ صرف میچ جیتا بلکہ ریسلنگ کیریئر میں پہلی بار ولن کے کردار میں نظر آئے۔

اس میچ کے بعد، جب کوڈی روڈس نے رنگ میں آ کر راک کو للکارا، تو راک اپنے ہمراہ معروف ریپر ٹریوس اسکاٹ کے ساتھ نمودار ہوئے۔ راک نے روڈس کو ساتھ ملنے کی پیشکش کی جسے روڈس نے مسترد کر دیا۔ اسی دوران جان سینا نے روڈس سے بظاہر دوستی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں گلے لگایا — اور اچانک حملہ کر کے سب کو حیران کر دیا۔

اس غیر متوقع دھوکہ دہی کے بعد، سینا نے راک اور اسکاٹ کے ہمراہ رنگ سے باہر قدم رکھا، جس نے ان کے مداحوں کو ششدر کر دیا۔ ریسل مینیا کے قریب آتے وقت سینا کے اس بدلے ہوئے انداز نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں ایک نئی بے یقینی کی فضا پیدا کر دی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے موقع پر بھی جان سینا نے کوئی وضاحت دینے سے انکار کیا اور پریس کانفرنس کے دوران مائیک چھوڑ کر خاموشی سے وہاں سے چلے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں