ہم جنس پرست ہالی ووڈ اداکارہ نے ساتھی اداکارہ سے شادی کرلی

ہالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز ٹوائلائٹ کی مرکزی اداکارہ کرسٹن اسٹیورٹ نے اپنی دیرینہ ساتھی، اداکارہ اور اسکرین رائٹر ڈیلن میئر کے ساتھ ازدواجی بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 21 اپریل کو ایسٹر کے موقع پر یہ جوڑا ایک سادہ مگر پُرسکون نجی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا۔ تقریب لاس اینجلس، کیلیفورنیا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں صرف قریبی دوستوں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

35 سالہ کرسٹن اور ڈیلن کئی برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں لاس اینجلس کاؤنٹی سے شادی کا سرکاری اجازت نامہ حاصل کیا، اور پھر ویک اینڈ پر اس رشتے کو رسمی شکل دے دی۔

کرسٹن اور ڈیلن کی پہلی ملاقات 2013 میں ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی تھی، جہاں سے ان کی دوستی کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں 2019 میں دونوں نے باقاعدہ طور پر ڈیٹنگ شروع کی اور تین سال بعد، 2021 میں ان کی منگنی ہوئی۔

یہ خبر سامنے آتے ہی دونوں کے مداحوں نے انہیں سوشل میڈیا پر مبارکباد دینا شروع کر دی ہے، اور اس جوڑے کو محبت، خوشی اور کامیابی کی دعائیں دی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں