معروف اداکارہ شوبز کی چکاچوند چھوڑ کر ویٹر بن گئیں؛ حیران کن وجہ

ہانگ کانگ کی مشہور اداکارہ نے شوبز کی چکاچوند کو خیرباد کہہ کر سادہ زندگی گزارنے کا ایسا فیصلہ کیا جس نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سالہ میگی یو میاؤ، جو ٹی وی اسکرین پر اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی تھیں، نے 2023 میں شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے بعد چین کے ایک دیہی علاقے کا رخ کیا جہاں انہوں نے ایک ریسٹورینٹ میں ویٹریس کی نوکری اختیار کر لی۔

میگی نہ صرف اپنے نئے پیشے پر فخر کرتی ہیں بلکہ وہ سوشل میڈیا پر باقاعدگی سے اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں کی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، جنہیں صارفین کی جانب سے کافی پذیرائی بھی ملتی ہے۔ ایک ویڈیو میں وہ تربوز کاٹتی نظر آئیں اور بتایا کہ وہ روزانہ 30 تربوز کاٹ کر 150 یوآن کما لیتی ہیں۔ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ ریسٹورینٹ میں میزیں درست کرتی تھیں تو انہیں روزانہ 180 یوآن معاوضہ دیا جاتا تھا۔

ان کی سادہ طرزِ زندگی کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو کئی ہدایتکاروں نے ان سے دوبارہ رابطہ کیا اور کام کی پیشکش کی۔ حتیٰ کہ ایک فلمساز نے انہیں روزانہ 500 یوآن ادا کرنے کی پیشکش بھی کی، لیکن میگی نے یہ آفر قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ موجودہ ملازمت میں انہیں تسلی اور سکون میسر ہے۔ ان کے مطابق ڈراموں یا فلموں میں لمبے عرصے تک ایک ہی کردار کرنا بیزاری کا سبب بنتا تھا، جبکہ موجودہ کام میں روزمرہ کا استحکام اور یکسانیت انہیں زیادہ پسند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں