لاہور۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف محض 3 وکٹوں کے نقصان پر 16.4 اوورز میں عبور کر لیا۔
زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 56 اور حسین طلعت نے 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ دیگر بیٹسمینوں میں محمد حارث نے 20، صائم ایوب نے 2 اور ٹام کوہلر-کیڈمور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
قلندرز کے بولرز میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حارث رؤف نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پشاور زلمی کی دعوت پر لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 129 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
لاہور کی طرف سے سکندر رضا 52 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی نے 16، رشاد حسین 13، فخر زمان اور حارث رؤف نے 10، سیم بلنگز 9، آصف علی 5، ڈیرل مچل 2 رنز بنائے جبکہ محمد عضب اور عبداللہ شفیق کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ آصف آفریدی 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی طرف سے الزاری جوزف نے 3، لیوک ووڈ اور حسین طلعت نے 2، 2 جبکہ علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔