بھارت نے پاکستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم کو ایشیا کپ 2025 کے لیے ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، مینز ہاکی ایشیا کپ رواں سال اگست اور ستمبر کے دوران بھارتی شہر راجگیر میں منعقد ہونا تھا، جو 2026 کے ہاکی ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کا ایک اہم موقع تھا۔
پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی کے تناظر میں یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم بھارتی حکام اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نے اب تک ایشیا کپ کے شیڈول یا وینیو سے متعلق کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی۔ اگر پاکستان سفارتی اور قانونی طور پر مؤثر مؤقف اختیار کرے تو امکان ہے کہ ٹورنامنٹ کو کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی مینز ہاکی ٹیم تین بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے اور 12 میں سے 11 ایونٹس میں شرکت کا اعزاز بھی حاصل ہے، جو کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
اسی دوران، بھارت کی جانب سے ویزا کے انکار پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔











