مدینہ منورہ: پاکستان سے عازمین حج کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز PK713 کے ذریعے 390 سے زائد عازمین صبح 8 بجے (سعودی وقت) مدینہ منورہ پہنچے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر پاکستان حج ڈائریکٹریٹ کا کوئی نمائندہ استقبال کے لیے موجود نہیں تھا، تاہم دوسری پرواز کے استقبال کے لیے امورِ حج کا عملہ موجود تھا۔
دریں اثنا، قوِی ایئر لائن کی دوسری پرواز PK721 بھی 151 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ پہنچ گئی، جہاں مدینہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کے سفیر احمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوھاب سومرو اور حج مشن کے افسران نے عازمین کا استقبال کیا۔ آج کے دن پاکستان سے مجموعی طور پر چار پروازوں کے ذریعے تقریباً 900 عازمین مدینہ پہنچیں گے۔
حج آپریشن کے تحت ابتدائی 15 دنوں میں تمام حج پروازیں مدینہ منورہ پہنچیں گی، جس کے بعد پروازیں مکہ مکرمہ روانہ ہوں گی۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت اس سال پاکستان سے 88,380 عازمین حج ادا کریں گے، جنہیں 31 مئی تک جاری رہنے والے حج فلائٹ آپریشن کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
قومی ایئر لائن (PIA) اس سال 56,000 سے زائد عازمین کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے 280 خصوصی پروازیں چلائے گی، جب کہ نجی ایئر لائنز بھی اس آپریشن میں شریک ہوں گی۔











