شاہ رخ خان لائیو کنسرٹس کے لیے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے بھارتی اداکار، آسٹریلوی منتظمین کا انکشاف

بالی ووڈ ستاروں کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ بین الاقوامی لائیو شوز اور کنسرٹس بھی ہیں، جن میں وہ دنیا بھر میں اپنے مداحوں کے سامنے پرفارم کرتے ہیں۔

حال ہی میں آسٹریلیا کے ایونٹ آرگنائزرز نے ایک یوٹیوب انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان بیرونِ ملک کنسرٹس کے لیے سلمان خان سے بھی زیادہ فیس وصول کرتے ہیں۔

ان کے مطابق، خواتین شائقین میں شاہ رخ خان کی مقبولیت بے حد زیادہ ہے اور ان کے شوز میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔ آرگنائزرز کا کہنا تھا کہ جب شاہ رخ خان اسٹیج پر اپنے مخصوص اسٹائل میں دونوں ہاتھ پھیلاتے ہیں تو وہاں موجود خواتین جھوم اٹھتی ہیں۔

اس انٹرویو میں یہ بھی بتایا گیا کہ آسٹریلیا میں کرینہ کپور سب سے پسندیدہ اداکارہ ہیں، جنہیں مداح اسٹیج پر پرفارم کرتے دیکھنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ ایشوریا رائے بھی خاصی مقبول ہیں۔

دوسری جانب، حالیہ پہلگام حملے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث کئی بھارتی فنکاروں نے اپنے بیرونِ ملک کنسرٹس منسوخ کر دیے ہیں، جن میں سلمان خان بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سلمان خان کو 4 اور 5 مئی کو برطانیہ میں منعقد ہونے والے “دی بگ بالی ووڈ ون” کنسرٹس میں پرفارم کرنا تھا، جس میں اُن کے ساتھ مادھوری ڈکشٹ، ورون دھون، ٹائیگر شروف، کریتی سانون اور دیشا پٹانی بھی اسٹیج پر جلوہ گر ہونے والے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں