بھارتی ماہرین نے بھی مودی سرکار کے پاکستان مخلاف پروپیگنڈے کی قلعی کھول دی

نئی دہلی ۔بھارتی ماہرین نے مودی حکومت کے پہلگام حملے پر پاکستان مخالف دعوؤں کو مسترد کر دیا

پہلگام حملے کے بعد مودی حکومت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو نہ صرف بھارتی عوام بلکہ ملک کے سیاسی و جغرافیائی ماہرین نے بھی بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ بھارت کے اندر سے ہی ان دعوؤں پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں، اور حکومتی بیانیہ مزید مشکوک ہوتا جا رہا ہے۔

بھارتی صحافی اور کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والی انورادھا بھسین نے واضح الفاظ میں کہا کہ پہلگام، جو کہ دنیا کے سب سے زیادہ عسکری موجودگی والے علاقوں میں شمار ہوتا ہے، وہاں دہشت گردی کا واقعہ پیش آنا ناقابل یقین ہے۔ ان کے مطابق، لاکھوں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں ایسی واردات کا ممکن ہونا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔

انورادھا بھسین نے اس امر پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ حملے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی مبینہ حملہ آوروں کے نام اور خاکے جاری کر دیے گئے، حالانکہ جائے وقوعہ پر سیکیورٹی فورسز کو پہنچنے میں بھی وقت لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ غیر معمولی حد تک جلد بازی میں کیا گیا، جس سے شفافیت پر شکوک پیدا ہوتے ہیں۔

اسی طرح سیکیورٹی امور کے بھارتی ماہر اور تجزیہ نگار امیتابھ مٹو نے بھی اعتراف کیا کہ پہلگام واقعہ ایک بڑی انٹیلیجنس ناکامی اور حفاظتی کوتاہی کی عکاسی کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیقات اور الزامات سیاسی مقاصد کے تحت گھڑے گئے محسوس ہوتے ہیں، اور حکومت کی جانب سے پاکستان پر فوری طور پر الزام دھرنا زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں