اسلام آباد ۔پہلگام حملے کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور ان کے امریکی ہم منصب مارکو روبیو کے درمیان ایک ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی قیادت کو مشورہ دیا کہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔
گفتگو کے دوران مارکو روبیو نے زور دیا کہ بھارت، پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی میں کمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جب بھارتی وزیر خارجہ نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا، تو امریکی وزیر خارجہ نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الزامات لگانے کے بجائے تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
امریکی وزیر خارجہ نے قیاس آرائیوں پر مبنی بیانات کو نظر انداز کیا اور بھارت کو تلقین کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعمیری مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرے۔
پہلگام واقعے کے بعد بین الاقوامی سطح پر بھارت کو سفارتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، اور جے شنکر کو غیر متوقع ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کچھ روز قبل امریکی محکمہ خارجہ کی ایک پریس بریفنگ میں ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گا۔











