سام سنگ گلیکسی ایس 25 ایج کے متعلق اہم خبر لیک!

ٹیکنالوجی کی دنیا میں یہ چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ سام سنگ اپنا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس 25 ایج 13 مئی کو متعارف کرانے جا رہی ہے۔ ان اطلاعات کے مطابق یہ فون ابتدا میں جنوبی کوریا اور چین میں 23 مئی کو دستیاب ہوگا، جبکہ امریکا اور دیگر عالمی منڈیوں میں 30 مئی کو لانچ کیا جائے گا۔

تازہ پیش رفت میں معروف ٹیک لیکر ایون بلاس نے ایک نیا انکشاف کیا ہے جس سے 13 مئی کی ریلیز کی تاریخ کی تصدیق ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

ایون بلاس کی جانب سے ایک مبینہ داخلی دستاویز سماجی پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی گئی، جسے کچھ ہی دیر بعد ہٹا دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، یہ اقدام سام سنگ کی جانب سے کاپی رائٹ شکایت پر اُٹھایا گیا، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دستاویز میں شامل معلومات درست تھیں۔

اس پیش رفت نے ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی ہے کہ گلیکسی ایس 25 ایج کی رونمائی 13 مئی کو ہی ہونے جا رہی ہے۔ اب ٹیک شائقین کی نظریں سام سنگ کے باضابطہ اعلان پر جمی ہوئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں