بھارتی ہندو شخص کی کشمیری خواتین کو اُکسانے کی کوشش ناکام؛ ویڈیو سامنے آگئی

سرینگر۔ایک بھارتی ہندو شہری نے کشمیری خواتین کو اشتعال دلانے کی بھرپور کوشش کی، مگر وہ اپنے مقصد میں ناکام رہا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام ہمیشہ سے نہ صرف خود کو بھارت کا حصہ تسلیم کرنے سے انکاری رہے ہیں بلکہ بھارتی ریاست کے جبر کا مستقل سامنا بھی کرتے رہے ہیں۔ مختلف ادوار میں بھارتی حکومتوں نے لاکھوں اہلکاروں کے ذریعے کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم کے سلسلے کو جاری رکھا۔

بھارت کی ہندوتوا پر مبنی پالیسی اور پاکستان دشمنی پر مبنی عزائم کے تناظر میں حالیہ پہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد نئی دہلی حکومت نے کئی ایسے اقدامات کیے جو خطے میں تناؤ اور کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

اسی پس منظر میں، بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی فضا میں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر مسلم خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تازہ سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی ہندو شخص نے کشمیری خواتین کو اشتعال دلانے کی کوشش کی، مگر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ہندو شخص نے کشمیری خواتین، جن میں بزرگ خواتین شامل تھیں، سے سوال کیا کہ کیا انہیں کشمیر میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بارے میں کچھ علم ہے؟ خواتین نے سادگی سے جواب دیا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتیں۔

اس پر ہندو مرد نے تعصب پر مبنی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب بھارت کے شہری ہیں، ایک قوم ہیں، اور کشمیر بھارت کا حصہ ہے۔ تاہم، کشمیری خواتین نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے جواب دیا کہ کشمیری صرف کشمیر سے ہیں، جبکہ بھارت کے لوگ بھارت سے تعلق رکھتے ہیں۔

ہندو شخص نے مسلسل کوشش کی کہ خواتین سے بھارت کے حق میں نعرے لگوائے جائیں، مگر ایک خاتون نے دو ٹوک انداز میں کہا: “نہیں، کشمیر کشمیر کا ہے، بھارت الگ ہے، ہم بھارت ماتا کی جے نہیں بولیں گے۔”

جب ہندو شخص نے دریافت کیا کہ وہ یہ نعرہ کیوں نہیں لگاتیں، تو خواتین نے کہا کہ وہ مسلمان ہیں، کشمیری ہیں، اور ان کے عقیدے اور شناخت کی رو سے وہ ایسا نہیں کر سکتیں۔ ہندو شخص نے اصرار کیا کہ بھارت میں مختلف قومیں رہتی ہیں، کشمیر بھی بھارت کا حصہ ہے، اور بھارت ان کا بھی ہے، اس لیے انہیں بھارت کے حق میں آواز اٹھانی چاہیے۔

تاہم، کشمیری خواتین نے بار بار کی کوششوں کے باوجود بھارت کے حق میں نعرے لگانے سے صاف انکار کیا اور واضح کیا کہ کشمیر اور بھارت دو الگ خطے ہیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، اس ویڈیو سے یہ حقیقت مزید آشکار ہو گئی ہے کہ بھارت نے طاقت کے زور پر جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ تو کر رکھا ہے، مگر کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں اب تک ناکام رہا ہے۔ کشمیریوں کا غیر متزلزل مؤقف اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ اپنی شناخت، آزادی اور خود ارادیت کے اصول پر ہمیشہ قائم رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں