پہلگام واقعہ پر آفریدی کا ایک بیان؛ بھارتیوں کی نیندیں حرام کرگیا

اسلام آباد ۔پہلگام حملے سے متعلق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے بیان پر نہ صرف سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون اور پاکستان مخالف تبصروں کے لیے مشہور دانش کنیریا نے ردعمل دیا، بلکہ اب ایک بھارتی باکسر بھی اس معاملے میں کود پڑا ہے۔

شاہد آفریدی نے حالیہ بیان میں پہلگام واقعے کے تناظر میں بھارتی فوج کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ “اگر کسی جگہ پٹاخہ بھی پھٹ جائے تو الزام فوراً پاکستان پر لگا دیا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود اگر یہ واقعہ ہوا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ تم اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہو۔”

ان کے اس بیان پر بھارتی میڈیا اور کئی معروف شخصیات نے سخت ردعمل ظاہر کیا، یہاں تک کہ بھارتی حکومت نے آفریدی کا یوٹیوب چینل بھی بند کر دیا۔ جواب میں اب بھارتی باکسر گورو بیدھری نے کہا ہے کہ “1971 میں 93 ہزار پاکستانی فوجیوں نے ہتھیار ڈالے تھے، ہمیں طاقت کا درس نہ دیا جائے۔” تاہم وہ یہ ذکر کرنا بھول گئے کہ 1965 کی جنگ اور ابھینندن کی گرفتاری جیسے واقعات بھارت کے لیے کتنے شرمندگی کا باعث بنے۔

بھارتی باکسر کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی کے ایک جملے نے بھارتی میڈیا، کرکٹرز، اور باکسرز کو صفائی دینے پر مجبور کر دیا ہے۔

مزید برآں، بھارتی حکومت نے پہلگام حملے کے بعد سخت اقدامات کرتے ہوئے کئی پاکستانی یوٹیوبرز اور فنکاروں کے چینلز پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ان میں شعیب اختر، باسط علی اور اداکارہ ہانیہ عامر جیسے نمایاں نام شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں