انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جوز بٹلر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھارت کے سوریاکمار یادیو کا تیز ترین 4 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کرنے والے جوز بٹلر نے سن رائزز حیدرآباد کے خلاف میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا اور اپنی ٹیم کو پلے آف تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دی۔
آئی پی ایل کے 51ویں میچ میں جو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، گجرات ٹائٹنز نے بیٹنگ کا آغاز شبھمن گل اور سدھرسن کی شاندار اننگز سے کیا، جنہوں نے بالترتیب 76 اور 48 رنز بنائے۔
جوز بٹلر کو اس میچ میں آئی پی ایل میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 12 رنز کی ضرورت تھی، لیکن انہوں نے اس سے بھی زیادہ کارکردگی دکھائی اور 37 گیندوں پر 64 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر گجرات ٹائٹنز کا مجموعی اسکور 200 سے زائد تک پہنچایا۔
قبل ازیں، سوریاکمار یادیو نے رواں سیزن میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، تاہم آئی پی ایل میں 4 ہزار رنز کا ریکارڈ توڑنے والے پہلے دو کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیئرز ہیں۔
کرس گیل اور اے بی ڈی ولیئرز نے آئی پی ایل میں 4 ہزار رنز کا سنگ میل دو ہزار 658 گیندوں پر حاصل کیا تھا، جبکہ جوز بٹلر نے اس تک پہنچنے کے لیے دو ہزار 677 گیندوں کا سامنا کیا۔ اس سے قبل سوریاکمار یادیو نے 4 ہزار رنز کے اس ہدف کو عبور کرنے کے لیے دو ہزار 714 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔











