محمد سراج کی گیند نے بین اسٹوکس کو ’’زندہ لاش‘‘ بننے پر مجبور کردیا، ویڈیو وائرل

لندن۔لندن کے مشہور و تاریخی لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز ایک ایسا دلچسپ لمحہ دیکھنے میں آیا جس نے نہ صرف میدان میں موجود شائقین بلکہ کمنٹری باکس کو بھی قہقہوں سے بھر دیا۔

بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج کی تیز گیند براہ راست انگلش کپتان بین اسٹوکس کے جسم کے حساس حصے پر آ لگی، جس کے بعد اسٹوکس تکلیف کی شدت سے میدان پر سیدھے لیٹ گئے، اور منظر ایسا بن گیا جیسے کوئی زندہ لاش زمین پر گرا ہو۔

یہ گیند راؤنڈ دی وکٹ آکر پھینکی گئی اور متوقع باؤنس نہ لیتے ہوئے سیدھی جا کر بین اسٹوکس کے ’’باکس‘‘ پر لگی۔ صورتحال اتنی تکلیف دہ تھی کہ اسٹوکس نے کچھ لمحے آرام کرنا ہی بہتر سمجھا۔ اس موقع پر کمنٹیٹر ناصر حسین کا برجستہ جملہ ’’اوور میں اب کوئی بالز نہیں بچی!‘‘ سب کو ہنسا گیا۔

دلچسپ بات یہ رہی کہ اسٹوکس کی حالت کے باوجود بھارتی کھلاڑی کے ایل راہول اور دھرو جریال نے ان کی خیریت نہ پوچھی، جبکہ رویندر جڈیجا آگے بڑھ کر ان سے حال دریافت کرتے نظر آئے۔ یہ بھی یاد دلایا جا رہا ہے کہ ماضی میں ہیڈنگلے ٹیسٹ میں بین اسٹوکس نے بھی راہول کو ایسی ہی گیند لگنے پر ان کی خیر خیریت دریافت نہیں کی تھی۔

میچ میں اسٹوکس کی کارکردگی پہلے ہی تنقید کی زد میں تھی۔ اس سیریز میں اب تک ان کے اسکورز 20، 33، 0، اور 33 رنز رہے، جبکہ لارڈز کی پہلی اننگز میں 44 رنز کی محتاط اننگز کھیلنے کے بعد دوسری اننگز میں وہ اسی دوران زخمی ہوئے۔

سابق انگلش فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ نے اس لمحے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’یہ منظر یقیناً جسمانی طور پر تھکا دینے والا تھا، لیکن دیکھنے میں بہت دلچسپ لگا۔ بھارت نے زبردست بولنگ کی، اور انگلینڈ نے بھی ردعمل دیا۔‘‘

براڈ نے انگلش بلے باز ہیری بروک کی جلد بازی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی وکٹ پر اگر انگلینڈ 220 کا اسکور بھی کر لے تو اس کے بولرز ٹیم کو واپس میچ میں لا سکتے ہیں۔

محمد سراج کی اس غیر متوقع گیند اور اسٹوکس کے تڑپنے والے مناظر نے ٹیسٹ میچ میں ایک تفریحی موڑ پیدا کر دیا، اور یہ لمحہ سوشل میڈیا پر بھی زبردست وائرل ہو گیا، جہاں شائقین اسے مزاحیہ انداز میں شیئر کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں