اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ سے متعلق ایک اہم تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔نئے جاری کیے جانے والے پاسپورٹس پر والد کے نام کے ساتھ ساتھ والدہ کا نام درج کرنا بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جب کہ پاسپورٹ کی تجدید کی صورت میں بھی دونوں والدین کے نام شامل کیے جائیں گے۔
محکمہ پاسپورٹس اینڈ امیگریشن کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام عالمی معیار سے مطابقت اور سماجی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ بین الاقوامی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
اس نئی پالیسی کے اعلان کے بعد یہ سوال سامنے آیا ہے کہ کیا پرانے پاسپورٹس رکھنے والے افراد کو بھی نئے پاسپورٹ حاصل کرنا ہوں گے؟
اس سلسلے میں ابھی تک کوئی حتمی پالیسی جاری نہیں کی گئی، تاہم متعلقہ حکام نے وضاحت کی ہے کہ پہلے سے جاری شدہ پاسپورٹس اپنی مقررہ مدت تک قابل استعمال رہیں گے، اور یہ نئی تبدیلی صرف آئندہ جاری ہونے والے پاسپورٹس پر لاگو ہوگی۔











