ٹم ڈیوڈ ٹی 20 میں تیز ترین سنچری بنانے والے آسٹریلوی بلے باز بن گئے

آسٹریلیا کی فیصلہ کن فتح، ٹم ڈیوڈ کی دھواں دار سنچری نے ویسٹ انڈیز کو ہلا کر رکھ دیا

آسٹریلیا نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔

اس میچ میں ٹم ڈیوڈ نے صرف 37 گیندوں پر اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری داغ کر نئی تاریخ رقم کی۔ یہ آسٹریلیا کی جانب سے ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے تیز سنچری ہے۔

انہوں نے نوجوان بیٹر مچل اووین کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شاندار 128 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، جو آسٹریلیا کی ٹی 20 انٹرنیشنل تاریخ میں اس وکٹ پر سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 97 رنز تھا، جو مچل مارش اور ٹم ڈیوڈ نے ہی قائم کیا تھا۔

ٹم ڈیوڈ نے صرف 16 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور اپنی سنچری کے دوران 11 شاندار چھکے لگائے۔ ان کا جارحانہ انداز ویسٹ انڈین اسپنرز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گیا۔ انہوں نے گڈاکیش موتی کو ایک ہی اوور میں لگاتار چار چھکے رسید کیے، جبکہ عقیل حسین کے ایک اوور میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مار پڑی۔ بعد ازاں، راسٹن چیز کے اوور میں تین مزید چھکے جڑ دیے۔

دوسری جانب، مچل اووین نے بھی تیز رفتار 36 رنز بنائے، جو انہوں نے صرف 16 گیندوں پر اسکور کیے۔ دونوں بلے بازوں نے 46 گیندوں میں 128 رنز کی دھواں دار شراکت قائم کی۔

ویسٹ انڈین کپتان شائی ہوپ نے اپنے ٹی 20 کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی، جو انہوں نے 55 گیندوں پر بنائی۔ برینڈن کنگ کے ساتھ ان کی 125 رنز کی اوپننگ شراکت ویسٹ انڈیز کے لیے اچھی شروعات تھی، تاہم اختتامی اوورز میں بیٹنگ لائن رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔

آخری پانچ اوورز میں ویسٹ انڈیز زیادہ اسکور نہ کر سکا۔ شر فین ردرفورڈ نے 13 گیندوں پر صرف 12 رنز بنائے، جس سے ٹیم کی رفتار سست پڑ گئی۔

آسٹریلیا نے 215 رنز کا ہدف صرف 17 اوورز میں حاصل کر لیا اور ٹم ڈیوڈ کو ان کی تاریخی اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں