عارف علوی، گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے 50 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد ۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کا بڑا فیصلہ: سابق صدر عارف علوی، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے 50 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر قائدین کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور دیگر 48 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

یہ وارنٹ گرفتاری تھانہ کراچی کمپنی میں 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے درج مقدمہ نمبر 1193 کی سماعت کے بعد جاری کیے گئے۔ آج عدالت نے پی ٹی آئی کے 41 رہنماؤں کے وارنٹ جاری کیے، جب کہ 9 رہنماؤں کے وارنٹ اس سے قبل جاری کیے جا چکے تھے، یوں مجموعی طور پر اب تک 50 پارٹی رہنماؤں کے خلاف وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔

مقدمے میں نامزد دیگر اہم شخصیات میں عبد القیوم نیازی، سینیٹر شبلی فراز، فیصل جاوید، سینئر قانون دان سلمان اکرم راجہ، روف حسن، مراد سعید اور احمد نیازی شامل ہیں۔

اسی طرح وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے ساتھ ساتھ اسد قیصر، حماد اظہر، عاطف خان، ایڈووکیٹ شعیب شاہین، سینیٹر اعظم سواتی، عمر ایوب، صاحبزاہ حامد رضا، علیمہ خانم، شیخ وقاص اکرم، کنول شوزب، شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت کے بھی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزمان کی عدالت میں عدم حاضری پر وارنٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ انہیں فوری طور پر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ 24 اور 26 نومبر کے مظاہروں کے تناظر میں راولپنڈی ڈویژن میں اب تک 32 مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ ان مقدمات میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو بھی تھانہ ٹیکسلا میں 26 نومبر کو کانسٹیبل کے قتل کے کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں