اسلام آباد: آٹے کی قیمتوں میں ملی بھگت سے اضافہ کے کیس میں اپیلٹ ٹربیونل نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پر ساڑھے 3 کروڑ روپے جرمانے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
یہ جرمانہ اس وقت عائد کیا گیا تھا جب کمپٹیشن کمیشن نے تحقیقات کے بعد یہ ثابت کیا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمتوں میں غیرقانونی طور پر اضافہ کرنے کے لیے ملی بھگت کی۔
کمپٹیشن کمیشن کے چیئرمین نے فیصلے کے بعد واضح کیا کہ بزنس ایسوسی ایشنز کے پلیٹ فارمز کو قیمتیں فکس کرنے کے لیے استعمال کرنا قانون کے خلاف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بزنس ایسوسی ایشنز قیمتیں طے کرنے سے باز رہیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔











