مون سون سسٹم کے زیر اثر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ سوات پھر سے سلاب کی زد میں آگیا، بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی بہہ گئیں۔
پشاور اور نواح میں موسلادھار بارش سے شہر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سڑکیں اور گلیاں بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
تیز بارش سے ٹریفک کی روانی میں بھی خلل آیا جبکہ اسکول اور دفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش سے پشاور میں گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔
ریسکیو 1122 پشاور نے حالیہ بارشوں کے پیش نظر اپنی ٹیمیں نشتر آباد، گلبہار، کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ، پریس کلب روڈ اور حیات آباد سمیت مختلف مقامات پر تعینات کر دی ہیں۔
اس وقت 70 سے زائد اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جن کے ساتھ، 8 ایمبولینسز، 2 ڈیزاسٹر گاڑیاں، 6 ڈی واٹرنگ پمپس بھی آپریشن میں شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ٹیم شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل پٹرولنگ کر رہی ہے تاکہ بارش کے باعث سڑکوں پر جمع پانی کو بروقت نکالا جا سکے۔ ٹیمیں پانی میں پھنسے شہریوں اور گاڑیوں کو بھی بحفاظت نکالنے میں مصروف ہیں۔











