پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی نمایاں تیزی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔
جمعرات کو کاروباری سرگرمیوں کا آغاز 361 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ہوا، جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 50 ہزار 952 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
اس کے بعد سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور لین دین میں تیزی کے سبب مارکیٹ میں مزید اوپر جانے کا رجحان جاری رہا اور انڈیکس بتدریج 429 اور پھر 636 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 51 ہزار 227 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔
آج کے دوران پی ایس ایکس میں تیزی اور مندی کا ملا جلا رجحان بھی دیکھنے میں آیا، تاہم گزشتہ کئی ہفتوں سے اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث انڈیکس ریکارڈ بلندیوں کو چھو رہا ہے۔











