ڈھاکہ۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے ہیں جبکہ حکومت پاکستان نے پاکستان بنگلا دیش علمی راہداری کا اعلان بھی کیا ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین، مشیر تجارت شیخ بشیر الدین، امیر جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمان اور چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقاتیں کی ہیں، جس میں باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اتوار کو پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ڈھاکا میں ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلا دیش کے مشیر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین بھی شریک ہوئے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ کے موقع پر پاکستان نے پاک بنگلا دیش علمی راہداری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اگلے 5 برسوں کے دوران 500 بنگلا دیشی طلباء کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپس دی جائیں گی۔











