ماسکو۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس پر اسرائیلی حملے کے بعد روس کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اس حملے کے بعد قطر کے وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا۔
اس موقع پر روسی وزیر خارجہ نے قطری وزیراعظم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران سرگئی لاروف نے اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دوحہ پر اسرائیلی حملہ نہ صرف قطر کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ یہ عالمی امن و سلامتی کے اصولوں کے بھی برخلاف ہے۔
اسرائیلی کارروائی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے سرگئی لاروف نے زور دیا کہ خطے میں مزید تناؤ سے بچنے کے لیے فلسطین اور اسرائیل سمیت تمام فریقین کو صبر و بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔











