دبئی میں فیکٹری مالک نے پاک بھارت میچ کے ٹکٹ مفت تقسیم کردیے

دبئی میں ایک فیکٹری کے مالک نے پاک بھارت ٹاکرے سمیت ایشیا کپ کے 700 ٹکٹس مفت بانٹ دیے۔

پاکستان اور بھارت کا سب سے بڑا مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا جس کا شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس میچ کے ٹکٹس کی مانگ ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے لیکن ایسے وقت میں دبئی میں مقیم محنت کشوں کے لیے خوش خبری آئی کہ انہیں ایشیا کپ کے میچز دیکھنے کے لیے سینکڑوں مفت ٹکٹس مل گئے۔

یہ اقدام معروف بزنس مین اور سماجی شخصیت انیس ساجن نے اٹھایا جنہوں نے اپنی کمپنی میں کام کرنے والے جنوبی ایشیائی ملازمین کو ٹکٹس دیے تاکہ وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو براہِ راست کھیلتا دیکھ سکیں۔

انیس ساجن کا کہنا تھا کہ کرکٹ ان کا بھی جنون ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ دبئی میں محنت مزدوری کرنے والے ورکرز بھی اس جوش و خروش میں شامل ہوں اسی لیے انہوں نے یہ ٹکٹس تحفے میں دیے۔

ایشیا کپ کے کئی میچز اور فائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ انیس ساجن نے نہ صرف پاکستانی، بھارتی، بنگلا دیشی، سری لنکن، نیپالی اور افغانی محنت کشوں کو ٹکٹس دیے بلکہ ان کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کا بھی انتظام کیا۔

ان کے مطابق سب سے زیادہ دلچسپی پاکستان اور بھارت کے میچ میں ظاہر کی گئی جس کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے خوش قسمت شائقین کا انتخاب کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں